انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ پچھلی ربع صدی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ارتقائی سے زیادہ انقلابی عمل کی وجہ سے سامنے آئی ہے جس نے ہمارے معاشرے، کاروبار، گھر اور حتیٰ کہ  ہماری فراغت کی سرگرمیوں تک سب کچھ بدل کر رکھ دیا ہے۔ جدید الیکٹرانکس بنیادی طور پر مائیکرو پروسیسر پرمشتمل ہیں، جو کہ مائیکرو چپ کی ایک شکل ہے، یہ انتہائی چھوٹے لا جک سرکٹ سے بنتا ہے جو کہ سلیکون چپ کی سطح سے منسلک ہوتے ہیں، یہ چھوٹے چھوٹے سرکٹ 1940ء اور 50ء کی دہائی میں استعمال ہونے والے لا تعداد گلاس والوز کے متبادل کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ پرانے کمپیوٹرز صرف ڈیٹا کی شکل میں انفارمیشن فراہم کرتے تھے، جبکہ جدید دور میں بننے والے کمپیوٹر پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں اور ڈیٹا کے علاوہ دیگر صورتوں مثلاً نقشوں، تصویروں ، اور گفتگو کی صورت میں بھی انفارمیشن کو محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم یہ کمپیوٹرز پرانے ماڈلر کے اصولوں پر ہی عمل پیرا ہیں ، 30 سال پرانے اور آج کے جدید کمپیوٹرز میں سب سے بڑا فرق یہ ہے کہ نئےکمپیوٹر سائز میں بہت چھوٹے اورسستے مگر طاقتور اور زیادہ قابل بھروسہ ہیں، حقیقت میں پہلی چپ 1960ء میں بنی تھی جس کی قیمت ہر سال کم اور طاقت ہر سال بڑھتی جا رہی ہے، اسی وجہ سے پچھلی ربع صدی میں انفارمیشن کے میدان میں انقلاب آچکا ہے۔ مائیکرو پروسیسر اب صرف کمپیوٹرز کیلئے مخصوص نہیں رہے بلکہ ان کا استعمال اور بھی بہت ہی اشیاء میں ہو رہا ہے، جن میں کیمرے ، واشنگ مشین سے لیکر کاروں تک بہت کچھ شامل ہیں ، لیکن سوال اٹھتا ہے کہ ایسی مشینوں اور آلات کا انفارمیشن سے کیا تعلق ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ مائیکرو پروسیسر کا کام صرف انفارمیشن دینا نہیں بلکہ یہ ان اشیاء کو کنٹرول کرنے کے میکانزم کو بھی تشکیل دیتا ہے ۔  مائیکرو پروسیسر آج اتنے سستے اور چھوٹے ہو گئے ہیں کہ انہیں کسی بھی ڈیوائس میں با آسانی استعمال کیا جاسکتا ہے، جو کہ کمپیوٹر کی طاقت سے فائدہ اٹھا سکتی ہے، وسیع معنوں میں ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ مائیکرو پروسیسر کے استعمال سے آلات خود کار طریقے سے کنٹرول کئے جانے کے قابل ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے انسان کا بہت سا کام کم ہو جاتا ہے، سائنس کی اس ترقی نے ہمارے رہن سہن پر بہت زیادہ اثر ڈالا ہے جہاں ہماری کار کردگی اور پیداوار میں بہتری آئی ہے وہیں روزمرہ کے معمولات اور فراغت کے لمحات میں بھی خوشگوار تبدیلی آئی ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ

تعلیم میں آئی ٹی کا کردار 

تعلیمی ادارے پرائمری سے یونیورسٹی کے درجہ تک سیکھنے اور سکھانے کی مختلف سرگرمیوں میں کمپیوٹرز استعمال ہو رہے ہیں۔  ہر مضمون کے بارے میں بہت بڑی تعداد میں علم حاصل کرنے کے پروگرام دستیاب ہوتے ہیں ۔ آن لائن امتحانات کے انعقاد کا رواج مقبول ہو رہا ہے۔  سوالات کو کمپیوٹر کے ذریعے مارک کیا جاتا ہے جو غلطیاں کرنے کے مواقع کم کرتا ہے اور نتائج بروقت لانے کو ممکن بناتا ہے۔ سینکڑوں ادارے ڈسٹینس لرننگ پروگرامز یا فاصلاتی تعلیم پیش کر رہے ہیں۔ طالبعلموں کو اداروں میں آنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہیں پڑھنے کیلئے گھروں میں مواد مہیا کر دیا جاتا ہے۔ ورچوئل کلاس روم میں استاد لیکچر دیتا ہے اور طالبعلم اپنے کام کرنے کی جگہ سے نیٹ ورک سے منسلک ہوتے ہوئے اسے سن سکتے ہیں۔ وہ سوالات بھی کر سکتے ہیں اور جوابات ان کو ای میل کے ذریعے بھیج دیئے جاتے ہیں

تعلیم میں آئی ٹی کا کردار 

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال

موجودہ جدید دور میں ہمیں ہر جگہ بشمول گھر، دفتر ، ادارے، فیکٹری ، دکان، مارکیٹ ، تھانہ، عدالت، سکول، کالج، یونیورسٹی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال نظر آتا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہم ہر شعبہ ہائے زندگی میں مدد لے رہے ہیں جیسے تعلیم ، کاروبار، انفارمیشن سسٹم ، صنعت ، میڈیکل ایر لائن سسٹم، موسم کی پیشن گوئی ، سیر و تفریح ، گیمز اور فلموں کی تیاری وغیرہ ۔ اب ہر شعبے میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی کو بنیادی حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ آج اس طرح محسوس ہوتا ہے کہ اگر ہم اپنی زندگی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو نکال دیں تو شاید ہم کچھ بھی نہ کر پائیں ۔ جس طرح لاکھوں طالب علم علموں کا نتیجہ چند لمحوں میں کمپیوٹر کی مدد سے نکل آتا ہے اگر ہم اس کو خود حل کرنے لگ جائیں تو بہت سے آدمی اور بہت سا وقت بھی درکار ہوگا اور اس میں غلطی کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔ ایسے مسائل کو ہم آئی ٹی کی ایپلی کیشنز سے حل کر لیتے ہیں۔ مختلف اداروں ، شعبوں ، دفتروں میں کام کی نوعیت بھی مختلف ہوتی ہے اس لئے ہر کام کے لئے علیحدہ علیحدہ ایپلی کیشنز ہوتی ہیں۔ آئی ٹی نے کئی شعبہ زندگی میں سہولیات مہیا کی ہیں جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال

موسم کی پیشن گوئی

موسم کی پیشن گوئی کے لئے سالوں کے ڈیٹا کو پروسس کرنا ہوتا ہے اور یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر بہت مشکل ہے۔ موسم کی پیشن گوئی کرنے والا سسٹم مختلف آلات یعنی سیٹلائٹ ، موسمی مراکز و غیره سے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد اس کو پروسس کر کے اس سے موسم کی پیشن گوئی کرتا ہے یہ ایک انتہائی پیچیدہ کام ہے۔ سپارکو والوں کا موسم کی پیشن گوئی کرنے کا ایک باقاعدہ شعبہ ہے۔ یہ سارا انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت ہے کہ ہم بڑی سے بڑی کیلکولیشن کو قلیل وقت میں حل کر لیتے ہیں۔

تعلیم

کچھ عرصہ پہلے لوگ علم والدین اور اساتذہ سے حاصل کرتے تھے اور کتا ہیں اور رسائل سیکھنے کا ذریعہ تھے۔ مگر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آنے کے بعد طریقہ تعلیم میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ خاص کر فاصلاتی تعلیم میں بڑی ترقی ہوتی ہے۔ اب سارے کا لجز اور یونیورسٹیاں فاصلاتی کورسز کروارہی ہیں۔ شعبہ تعلیم میں کمپیوٹر کا استعمال کئی طریقوں سے ہوتا ہے مثال کے طور پر کمپیوٹر بیسڈ ٹرینگ کمپیوٹر ایڈڈ لرننگ ، ،آن لائن ایجوکیشن   ای لرننگ  اور آن لائن امتحانات وغیرہ۔

گھر

انفارمیشن ٹیکنا لو جی گھر کے تمام افراد کے لئے ایک انمول تحفہ ثابت ہو رہی ہے۔ اس سے گھر کا بجٹ تیار کیا جا سکتا ہے۔ گیمز کھیلی جاتی ہیں۔ تفریح کے دیگر پروگرامز دیکھے جاتے ہیں۔ گھر میں بیٹھ کر دور دراز کے ممالک سے بذریعہ انٹرنیٹ تعلیم حاصل کی جاتی ہے اور اپنے چاہنے والوں سے بات چیت کی جاتی ہے۔

کاروبار

کاروبار میں آئی ٹی کا استعمال روز بروز بڑھ رہا ہے۔ کاروباری اشخاص کمپیوٹر سے بہت فوائد حاصل کر رہے ہیں جیسے سٹاک ایکسچینج میں کمپیوٹر کی مدد سے پوری دنیا میں بزنس کیا جاتا ہے۔ آن لائن مارکینگ کی جاتی ہے، بینکاری کے نظام میں کمپیوٹر بہترین مددگار ثابت ہوتا ہے اور کمپنیاں اپنے ریکارڈز کو خودکار بتارہی ہیں۔

صنعت

صنعت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ریکارڈز کو اپ ڈیٹ کرنے سے لے کر خود کام کرنے تک شامل ہے ۔ صنعت میں روز بروز کام کو خود کار بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے اور اس کے لئے روبوٹ کا سہارا لیا جاتا ہے۔ پیداواری نظام سے لے کر ڈیزائننگ تک سارے کام خود ہو رہے ہیں یہ سارا کمپیوٹر کی مرہون منت ہے۔

 ہوائی جہازوں کا نظام

ہوائی جہازوں کے نظام میں کمپیوٹر کا استعمال بہت زیادہ ہے ۔ کمپیوٹر مسافروں کی ٹکٹیں مہیا کرنے سے لے کر جہازوں کو کنٹرول کرنے تک شامل ہے۔ تمام ایئر ٹریفک بذریعہ کمپیوٹر ہی کنٹرول ہو رہی ہے ۔

لائبریری

لائبریریوں میں لاکھوں کی تعداد میں کتابیں موجود ہوتی ہیں اور قاری کو کتب تلاش کرنے میں بہت وقت درکار ہوتا ہے مگر آئی ٹی کی بدولت وہ اپنی مطلوبہ کتاب پر بغیر کسی مدد کے پہنچ جاتا ہے جہاں آئی ٹی نے قاری کو سہولتیں پہنچائی ہیں وہاں لائبریری کے عملہ کے لئے بھی اتنی ہی آسانیاں پیدا کی ہیں۔

 تفریح

آئی ٹی کی ترقی نے تفریح کے بہت سارے مواقع پیدا کئے ہیں ۔ ہر کوئی اپنے گھر میں بیٹھ کر بہت سے ٹی وی چینل بذریعہ انٹرنیٹ دیکھ سکتا ہے۔ اپنی مرضی سے آن لائن فلمیں دیکھ سکتا ہے ۔ آن لائن دوستوں سے گیمز کھیل سکتا ہے ۔ فلم انڈسٹری میں ہائی ریزولیشن کی گرافکس پیدا کی جاتی ہیں ۔ آوازوں کو صاف اور واضح کیا جاتا ہے ۔

ویڈیو کا نفرنسنگ

آئی ٹی کی ترقی کی بدولت آج کئی لوگ بیک وقت ایک دوسرے سے ویڈیو میٹنگ کرتے ہیں اور اپنے گھر میں بیٹھ کر آفس کی میٹنگ میں شامل ہو جاتے ہیں۔ یونیورسٹیاں اپنے طالبعلموں کے لئے آن لائن لیکچرز کا انتظام کرتی ہیں۔ یہ سب آئی ٹی کے ہی مرہون منت ہے۔

حکومت کاری

آئی ٹی نے حکومت کاری میں بہت مدد فراہم کی ہے۔ حکومت اپنے پیغامات انٹرنیٹ کے ذریعے پورے ملک میں نشر کر دیتی ہے اور لوگوں کی شکایات ان کے گھروں سے اپنے دفتروں میں بیٹھے ہوئے سن لیتے ہیں۔ سکیورٹی کے نظام سے شہروں کی حفاظت کی جاتی ہے۔ ٹریفک کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ عوام کے لئے ہر طرح کی معلومات انٹرنیٹ پر رکھ دی جاتی ہیں۔ اس طرح کے حکومتی نظام کو ائی گورنمنٹ کہا جاتا ہے۔

صحت

آج صحت کے شعبہ میں آئی ٹی کا استعمال عام ہے۔ مریضوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر سے ملنے سے پہلے اپنا ٹوکن نمبر گھر بیٹھے حاصل ہو جاتا ہے۔ دوران سرجری روبوٹس ڈاکٹرز کو مددفراہم کر رہے ہوتے ہیں۔ فاصلاتی خیال صحت کے لئے آئی ٹی ٹیلی میڈیسن اور ٹیلی سرجری کے بہترین حل مہیا کرتی ہے۔

سائنس 

دور حاضر میں سائنس کی تمام شاخوں میں کمپیوٹر کا استعمال ہو رہا ہے ۔ بیالوجی سے لے کر فلکیات تک تمام علوم میں کمپیوٹر سائنسدانوں کا معاون ثابت ہو رہا ہے۔ کمپیوٹر سائنسدانوں کو ڈیٹا اکٹھا کرنے سے لے کر پروسس کرنے اور اس سے انفارمیشن نکالنے تک مدد فراہم کر رہا ہے۔

ہم أمید کرتے ہیں آپ کو “انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ”  کے بارے میں مکمل آگاہی مل گئی ہوگی۔۔۔                

👈🏻مزید معلومات کیلئے ہمارے اس لنک پر کلک کریں

ہماری ویب سائٹ پر آنے کیلئے شکریہ

MUASHYAAAT.COM

…………. انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ  ……………

Leave a comment