کمیونٹی سے مراد ⇐ اردو زبان میں اس انگریزی لفظ کا صحیح مترادف نہیں ہے۔ کسی نے اس کا ترجمہ طبقہ کیا ہے تو کسی نے جمعیت اور ملت بعض نے اسے بستی اور برادری بھی کہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سارے الفاظ اس اصطلاح کے مفہوم کو مکمل طور پر ادا نہیں کرتے۔ مثلاً جب ہم اسے طبقہ کہتے ہیں تو لوگوں کی وسائل کے لحاظ سے درجہ بندی ہمارے ذہن میں آتی ہے۔ کیونکہ کسی طبقے میں سارے لوگ ایک سی حیثیت کے مالک ہوتے ہیں۔
جمعیت
کمیونٹی میں ایسا نہیں ہوتا جمعیت اور ملت سے عموما مذہب کا تصور ابھرتا ہے کہ ایک ہی مذہب کے سارے لوگ جیسے امت مسلمہ اگر چہ یہ بھی کمیونٹی میں آتے ہیں مگر صرف اسی بنیاد پر کمیونٹی کی تعریف نہیں کی گئی لہذا یہ لفظ بھی اس کے صحیح مفہوم نہیں بتاتا۔ اس لئے ہم انگریزی کے اس لفظ کو اردو میں اسی طرح استعمال کرینگے۔
میکاؤر کے بقول
کمیونٹی کی جامع تعریف (خزاں 2014ء) کمیونٹی ایک ایسی اصطلاح ہے جو ہم ایک گاؤں شہر یا قبیلے کیلئے استعمال کرتے ہیں جہاں کسی بھی چھوٹے یا بڑے گروہ کے لوگ اس طرح زندگی گزاریں کہ ان کی مشترک زندگی کے بنیادی حالات مشترک ہوں اسے ہم کمیونٹی کہیں گے۔
کنگز لے ڈیوس کے مطابق
وہ چھوٹے سے چھوٹا علاقائی گروہ جو معاشرتی زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کر سکے کمیونٹی کہلاتا ہے۔
آگہرن اور نمکاف کے مطابق
ایک خاص علاقے میں رہائش رکھنے والے گروہ یا گروہوں کی معاشرتی زندگی کی پوری تنظیم کوکمیونٹی کہتے ہیں۔
لومیز اورہینگل
کمیونٹی سے مراد لومنیر اور ہینگل نے کمیونٹی کی تعریف ان الفاظ میں کی ہے ایک معاشرتی نظام جو ایک محدد علاقے اور ماحول میں جاری وساری ہو اور جس کے اندر رہتے ہوئے اس کے افراد اپنی روزمرہ کی ضروریات مل جل کر پوری کر سکیں۔ ان ساری تعریفوں کی روشنی میں اگر ہم کمیونٹی کا جائزہ لیں تو اس میں مندرجہ ذیل خصوصیات کا ہونا ضروری ہے۔
- لوگوں کا گروہ ہونا
- اس گروہ کا کسی مخصوص جغرافیائی علاقے میں اکٹھا رہنا
- ان کی اپنی ثقافت ہونا
- ان کا طرز زندگی یکساں ہونا
- ان میں اتحاد کا احساس ہونا
- ان کا مل جل کر کام کرتے ہونا
- بنیادی رفاہی اداروں کا مالک ہونا
وضاحت
دوسرے لفظوں میں کمیونٹی کی وضاحت یوں کی جاسکتی ہے کہ کمیونٹی لوگوں کے ایسے گروہ پر مشتمل ہے جو کسی نہ کسی جغرافیائی علاقے میں رہتا ہے۔ جس کی حدود واضح طور پر متعین کی گئ ہوتی ہیں۔ جہاں پر لوگ آپس میں آزادانہ میل جول رکھ سکتے ہیں۔ نیز اس کے افراد آپس میں مل جل کر رہنے کے ساتھ ساتھ اشتراک سے کام کرتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کی طرز زندگی ایک ہوجاتی ہے اور نہ صرف بچوں کی تربیت میں خصوص اقدار کا خیال رکھا جاتا ہے بلکہ شادی بیاہ کی رسومات ایک ہی ہوتی ہیں۔
معاشرتی اقدار و معمولات
معاشرتی اقدار و معمولات بڑی حد تک ایک سے ہوتے ہیں۔ کمیونٹی میں اتحاد شعور بہت نمایاں ہوتا ہے۔ کوئی خوشی کا موقع ہو تو وہ مل کر اس کا استقبال کرتے ہیں۔ اسی طرح اگر کوئی پریشانی آئے تو سب مل کر اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کمیونٹی جتنی چھوٹی ہوتی ہے اس میں یکسانیت اور اتحاد اتنی زیادہ ہوتاہے کیونکہ لوگوں کو آپس میں ملنے کے مواقع زیادہ ملتے ہیں۔ آج کل کمیونٹیوں کے درمیان فرق کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ایک چھوٹا سا قصبہ بڑا شہر یا وسیع قوم سب کمیونٹیاں ہیں۔ علاوہ ازیں ذرائع مواصلات کی وسعت ایک دوسرے پر انحصار کی وجہ سے اب سارا کرہ ارض ایک کمیونٹی بنتا جا رہا ہے۔
کمیونٹی کی اقسام
ہیوی گرسٹ اور نیو گارٹن نے کمیونٹی کو دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا ہے۔
- ابتدائی کمیونٹی
- ثانوی کمیونٹی
ابتدائی کمیونٹی
اس طرح کی کمیونٹی میں لوگوں کے درمیان تعلقات قریبی اور گہرے ہوتے ہیں۔ افراد کے درمیان روبرو تفاعل ہوتا ہے۔ لوگ عام طور پر ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور ایک دوسرے سے انس و محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ ان کی خصوصیات کم و بیش ایک جیسی ہوتی ہیں اور مفادات بھی مشترک ہوتے ہیں۔ دیہات اور چھوٹے قصبے ابتدائی کمیونٹی کی مثالیں ہیں۔
ثانوی کمیونٹی
ثانوی کمیونٹی میں افراد کا تعلق بالواسطہ ہوتا ہے۔ وہ لین دین کا کاروبار یا مشتر کہ تنظیموں اور اداروں سے منسلک ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ اس میں لوگوں کا ایک دوسرے پر انحصار تو ضرور ہوتا ہے لیکن اتنے گہرے اور قریبی تعلق نہیں ہوتے جتنے ابتدائی کمیونٹی میں ہوتے ہیں۔ بڑے شہر علاقہ قوم اس کی مثالیں ہیں۔
کمیونٹی کی ایک دوسری تقسیم
کمیونٹی سے مرادکمیونٹی کی دوسری تقسیم دیہات اور شہروں سے متعلق ہے۔ ان دونوں کو اگر چہ واضح طور پر علیحدہ نہیں کیا جاسکتا لیکن چونکہ دیہی زندگی کے خواص شہری زندگی سے مختلف ہیں اس لئے ان خواص کی بناء پر کمیونٹی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
دیہی کمیونٹی
دنیا کے مختلف معاشروں میں دیہی و شہری کمیونٹی کا فرق مختلف ہے۔ پاکستان کی مردم شماری کے مطابق دیہی کمیونٹی وہ ہے جس کی آبادی پانچ ہزار سے کم ہو۔ اس میں مونسپل کمیٹی سول لائنز اور ٹان کمیٹی وغیرہ نہ ہو۔ اس کے علاوہ معاشرتی زندگی کی جدید سہولتیں مثلا کالج ریلوے اسٹیشن، ہوائی اڈا اور عمدہ پختہ سڑکیں وغیرہ نہ ہوں ۔ دیہی کمیونٹی میں لوگوں کے درمیان تعلق براہ راست ہوتا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہاں زیادہ تر لوگوں کا پیشہ کھیتی باڑی ہوتا ہے۔
پیشے
کسانوں کے علاوہ وہ لوگ بھی ان کے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں مثلاً جو موچی لوہار وغیرہ ہوتے ہیں۔ چند افراد تعلیم و طب سے منسلک ہوتے ہیں مگر یہ سب لوگ اپنے اپنے پیشوں میں پوری طرح ماہر نہیں ہوتے ۔ انہوں نے یہ کام اپنے بزرگوں سے سیکھا ہوتا ہے اور انہی اصولوں پر کام کرتے ہیں۔
پیشوں سے منسلک لوگ
ویسی کمیونٹی میں بہت زیادہ پیشے نہیں ہوتے مگر ان چند پیشوں سے منسلک لوگ آپس میں اس طرح مل جل کر رہتے ہیں جیسے ایک خاندان ۔ یہ لوگ مل کر اپنی ضروریات پوری کر لیتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ قناعت پسند ہوتے ہیں۔ پاکستان کی دیہی کمیونٹی کے چند خواص مندرجہ ذیل ہیں۔
تعمیر
مکان زیادہ تر کچے ہوتے ہیں۔ گھروں کی تعمیر میں منصوبہ بندی نہیں کی جاتی ۔ یعنی با قاعدہ نقشے یا منظوری کی ضرورت نہیں پڑتی۔ زیادہ تر زرعی پیشے پائے جاتے ہیں۔
رسمی نوعیت
معاشرتی ادارے نہایت سادہ ہوتے ہیں۔ مثلاً چوپال مسجد وغیرہ۔ معاشرتی تفاعل پر خلوص اور غیر رسمی نوعیت کا ہوتا ہے۔ معاشرتی معمولات کی خلاف ورزی سے لوگ گریز کرتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ ان پڑھ ہوتے ہیں۔
شهری یا بلدیاتی کمیونٹی
پانچ ہزار افراد سے زیادہ آبادی والے مقام کو قصبہ اور ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے علاقے کو شہر کہتے ہیں۔ یہاں جدید زندگی کی زیادہ تر سہولتیں موجود ہوتی ہیں۔ ولسٹن نے بلدیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر یا بلدیہ وہ محدود جغرافیائی علاقہ ہے جس میں لوگوں کی کثیر تعداد رہتی ہے۔ ان کی دلچسپیاں اور ادارے مشترک ہوتے ہیں اور حکومت کے ایک اختیار کے تحت مقامی حکومت کا کنٹرول قائم ہوتا ہے۔
ذرائع مواصلات
شہری زندگی میں تفاعل بہت تیز لیکن رسمی ہوتا ہے ذرائع مواصلات تیز ہیں، مشینی سہولیات عام ہیں اور زیادہ تر افراد اپنے اپنے فن میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے پیداوار زیادہ ہے۔ شہری کمیونٹی میں لوگ کھیتی باڑی نہیں کرتے بلکہ مختلف نوعیت کے پیشوں کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں۔
تعلیمی تفریحی سہولتیں
دیہی کمیونٹی میں لوگ تقریباً یکساں معیار زندگی رکھتے ہیں مگر شہروں میں مختلف درجوں ذاتوں اور مذہبوں کے لوگ رہتے ہیں۔ شہری کمیونٹی میں لوگوں کی آمدنی عموماً زیادہ ہوتی ہے۔ ان کو تعلیمی اور تفریحی سہولتیں میسر ہوتی ہیں تاہم انتہائی امارت کے ساتھ ساتھ انتہائی غربت بھی ملتی ہے۔
علاقائی کمیونٹی
کمیونٹی سے مراد ہم دیکھتے ہیں کہ مختلف علاقوں کا طرز زندگی مختلف ہوتا ہے۔ ان میں بعض باتیں شہروں اور دیہات دونوں جگہوں پر پائی جاتی ہیں مگر اس خاص علاقے سے باہر اگر دوسرے علاقے سے اس کا موازنہ کریں تو فرق محسوس ہوتا ہے۔ ایسی کمیونٹیوں کو علاقائی کمیونٹی کہا جاتا ہے۔
گاؤں کا جائزہ
پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں اور گاؤں کا جائزہ لیں توان میں اکثر اقدار مشترک ملتی ہیں جبکہ سندھ کے علاقے سے یہ مختلف ہیں ۔ اس طرح پنجاب کے اندر بھی پوٹھوہاری علاقے کی کمیونٹی سرائیکی علاقے سے مختلف ہے۔ علاقائی کمیونٹی میں نہ صرف لوگوں کی زبان اور رہن سہن کے طریقے ملتے جلتے ہیں بلکہ ان میں ثقافتی وحدت ہوتی ہے جو دوسرے علاقے کی ثقافت سے کسی قدر مختلف ہوتی ہے۔
قومی کمیونٹی
کئی علاقائی کمیونٹیاں مل کر قومی کمیونٹی بناتی ہیں اس میں شہری دیہی علاقائی تمام کمیونٹیاں شامل ہوتی ہیں۔ یہ مضبوط ترین کمیونٹی ہے کیونکہ اس کی گرفت اپنے افراد پر بہت سخت اور ہمہ گیر ہوتی ہے۔ اگر چہ قوم کمیونٹی کی بنیادی خصوصیات ( مثلا جغرافیائی حدود ثقافت یکساں زندگی اتحاد اور رفاہی اداروں ) کو پورا کرتی ہے مگر قوم کے افراد. اتحاد میں معاشرتی تفاعل اتنا شدید نہیں ہوتا جتنا کمیونٹی میں ہوتا ہے۔ قوم کے افراد ایک دوسرے سے کوسوں دور رہتے ہیں اور ایک دوسرے کوقر یبی طور پر جانتے بھی نہیں اس لئے ان میں گروہی سالمیت ولگاؤ نہیں پایا جاتا۔ اس لئے یہ ہر موقع پر یکجا نہیں ہوتے۔ البتہ جب ساری قوم کو کوئی خطرہ در پیش ہو تو سب یکجا ہوتے ہیں۔
ہم أمید کرتے ہیں آپ کو “کمیونٹی سے مراد“ کے بارے میں مکمل آگاہی مل گئی ہوگی۔۔۔
👈🏻مزید معلومات کیلئے ہمارے اس لنک پر کلک کریں
ہماری ویب سائٹ پر آنے کیلئے شکریہ
…….کمیونٹی سے مراد …….